اسلام آبادلاہور، پشاور ، کراچی (سپیشل رپورٹر، خبر نگار خصوصی، نمائندہ خصوصی سے ، سٹاف رپورٹر، نیوز رپورٹر،92نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جمعیت علماء اسلام، عوامی نیشنل پارٹی نے سینٹ الیکشن کیلئے امیدواروں کے نام فائنل کرلئے ۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹس میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ اسلام آباد سے وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد ،سندھ سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد فیصل واوڈا اور ٹیکنو کریٹ نشست پر سیف اللہ ابڑوجبکہ بلوچستان سے عبدالقادر کا نام فائنل کیا گیا ہے ۔پنجاب سے پارٹی کے چیف آرگنائزرسیف اللہ نیازی ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر اورخیبر پختونخوا سے وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات سید شبلی فراز، محسن عزیز، دوست محمد، ثانیہ نشتر، ذیشان خانزادہ اور فرزانہ کا نام حتمی فہرست میں شامل کیا ہے باقی نشستوں پر اعلان بعد میں ہوگا۔پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر سرداریارمحمد رند کے ترجمان بابر یوسف زئی کے مطابق عبدالقادر کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ، عبدالقادر ایک سرمایہ دار اور نیب کے کیسز بھی ہیں چونکہ عبدالقادر نے ہر ٹھیکے میں شہبازشریف اور نوازشریف کے ساتھ مل کر غبن کیاتھا۔ دریں اثنا مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کااجلاس لاہور میں ہوا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پرویز رشید اور مشاہد اللہ خان اورخواتین کی نشست پر سعدیہ عباسی کو ٹکٹ دیدیا گیا۔ جمعیت اہلحدیث کے علامہ ساجد میر کو جنرل سیٹ پر ٹکٹ مل گیا جبکہ اعظم نذیر تارڑ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر الیکشن لڑیں گے ۔ پارٹی کے سینئررہنماء راجہ ظفرالحق ، سابق گو رنر پنجاب رفیق رجوانہ اور دیگر کو سینٹ کا ٹکٹ نہیں دیا گیا ۔ مریم اورنگزیب کے مطابق پارلیمانی بورڈ نے صوبہ پنجاب سے 5ناموں کی منظوری دے دی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) نے امیدواروں کو پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون آج طلب کرلیا ۔پیپلز پارٹی نے نے 14 سیٹوں پر ٹکٹ جاری کر دیئے ہیں۔سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے داماد راجہ عظیم الحق پیپلز پارٹی کے پنجاب سے امیدوار ہوں گے ۔ سندھ کی جنرل نشست پر سلیم مانڈوی والا، شیری رحمن، تاج حیدر، شہادت اعوان، جام مہتاب، عبدالغنی تالپور اور صادق میمن جبکہ ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر فاروق نائیک اور کریم خواجہ جبکہ خواتین کی نشست پر پلوشہ خان اور خیر النسا مغل جبکہ خیبر پختونخوا میں فرحت اﷲ بابر کو ٹکٹ جاری کر دیا۔خیبر پختونخوا میں فرحت اللہ بابراوراسلام آبادسے یوسف رضاگیلانی کوپی ڈی ایم کامشترکہ امیدوار نامزد کرنے کی تجویزپیش کردی گئی، رحمن ملک اوراسلام الدین شیخ کو ٹکٹ نہیں مل سکا۔ علاوہ ازیں ترجمان جے یوآئی اسلم غوری کے مطابق خیبرپختونخوا سے جنرل نشست کیلئے مولانا عطاء الرحمان اور طارق خٹک اورکے پی کے سے ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر زبیرعلی، خواتین کی سیٹ پر نعیمہ کشور، اور اقلیتی نشست پر رنجیت سنگھ جبکہ بلوچستان سے جنرل نشستوں پر مولانا عبدالغفور حیدری، خلیل احمد بلیدی اور ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر کامران مرتضی، خواتین کی نشست پر آسیہ ناصر، اقلیتی نشست پر ہیمن داس کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے ۔ اے این پی کے صوبائی پارلیمانی بورڈ کے بیان میں کہا گیا کہ جنرل نشست پر حاجی ہدایت اللہ خان، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر ڈاکٹر شوکت جمال امیرزادہ، خواتین کی نشست پر ڈاکٹر تسلیم بیگم اور اقلیتی نشست پر آصف بھٹی امیدوار ہوں گے ۔ایم کیوایم کی جانب سے تاحال سینیٹ ٹکٹس کا فیصلہ نہ ہوسکا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخوا میں 90 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں، انجینئر حامد الحق، نجیب اللہ خلیل ن، نعیمہ کشور اور کامل علی آغانے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔ایم کیوایم کی جانب سے تاحال سینیٹ ٹکٹس کا فیصلہ نہ ہوسکا۔