لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں گزشتہ 13 سال سے بطور ایگزیکٹو شیف ذمہ داریاں نبھانے والے کاظم حسین نے کھلاڑیوں کے کھانوں کے شوق اور پسندیدیگی بارے دلچسپ انکشافات کئے ہیں،انہوں نے بتایا کہ سابق کپتان شعیب ملک پاستا کھانا پسند کرتے ہیں جبکہ دراز قد محمد عرفان خوش خوراک ہیں اور غیر ملکی کوچز بھی ان سے من پسند کھانے بنواتے ہیں۔ لاہور کے کاظم حسین جوانی میں اپنی والدہ کا ہاتھ بٹاتے بٹاتے شیف بن گئے اور 1993 میں بطور شیف باقاعدہ ملازمت کا آغاز کردیا۔ان کا کہنا ہے کہ ہوم سیریز کے دوران نجی ہوٹل میں رہائش اختیار کرنے والے قومی کرکٹرز کی اکثریت کاظم حسین کے ہاتھ سے بنے پکوان کی فرمائش کرتی ہے ۔ایگزیکٹو شیف پی سی بی کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کیسابق کپتان شعیب ملک کو کھانے میں پاستا بہت پسند ہے ۔ ان کی فرمائش پر انہیں گرین چلی سے بنا پاستا پیش کیا جاتاہے ۔ٹیم کے غیرملکی کوچز کے لیے ان کی فرمائش پر عام طور پر وہ لزانیہ اور پاستا کھانے کے شوقین ہوتے ہیں۔ خوراک کی تیاری میں کھلاڑیوں کے لیے پروٹین، کاربوہائیڈریٹس سمیت دیگر ضروری اجزاء کی خاص مقدار کو پیش نظر رکھا جاتا ہے ۔ کاظم حسین نے کہا کہ دراز قد محمد عرفان خوش خوراک ہیں تاہم امام الحق اپنی ڈائیٹ کا خاص خیال رکھتے ہیں۔وہ دوپہر کے کھانے میں پھل اور دہی پرہی اکتفاء کرتے ہیں۔انتخاب عالم، وسیم باری، سرفراز نواز اور راشد لطیف سمیت کئی نامور کرکٹرز کو کھانا کھلا چکا ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیٹرن ان چیف پی سی بی کو کھانے کھلانے کی خواہش ہمیشہ رہے گی۔