لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )پنجاب فوڈ اتھارٹی پانی کی چیکنگ کا دوسرا مرحلہ مکمل ہونے پر نتائج جاری کر دئیے گئے ،صوبہ بھرمیں 1063 واٹر پلانٹس کی چیکنگ کی گئی ،153 واٹر پلانٹس مختلف وجوہات پر فیل ہوئے جن کی پروڈکشن بند کر دی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر)محمد عثمان کا کہنا تھا کہ 800 واٹر فلٹریشن پلانٹس کا پانی پاس، 105 پلانٹس غلط لیبلنگ کی بنا پر فیل پائے گئے ۔لاہور زون میں 82، راولپنڈی میں 186، ملتان میں 32 جبکہ مظفر گڑھ میں 7 پلانٹس کا پانی ناقص پایا گیا۔ نتائج ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دئیے گئے ہیں۔ تصحیح کرنے والے پلانٹس کے دوبارہ سیمپل لے کر تجزیے کے لیے بھجوائے جائیں گے ۔دریں اثنائڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جائزہ اجلاس ہو ا ، مقررہ تاریخ کے اندر فیس ادا نہ کرنے والوں کے لیے طریقہ کار اور سپیشل ٹیمیں بنانے کی منظوری دی گئی جبکہ کارروائی سے قبل متعلقہ فوڈ بزنس کو موبائل فون پیغام اور نوٹس کے ذریعے وارننگ دی جائے گی، اجلاس میں آپریشن، ریسورس اینڈ لائسنسنگ اور ٹیکنیکل ونگ کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیاگیا، ڈی جی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ 20368افرادکو لیول ون، 1145کو لیول ٹو کی ٹریننگ دی گئی جبکہ 256افسران اور اہلکاروں کو پیشہ وارانہ کورس کرائے گئے ۔6651فوڈ ورکرز کے میڈیکل سکریننگ ٹیسٹ کیے گئے ، 5832پاس، 333کے فیل ہوئے ۔قوانین میں ترمیم اور نئی قانون سازی کے لیے سائنٹفک پینل کی 4میٹنگز کرائی گئیں۔