لاہور(بابر علی )راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی قانون سازی میں واسا کا لاہور میں زیر زمین پانی نکالنے پر فیس عائد کرنے کا اختیار ختم ہوگیا۔ آرڈنینس کے مطابق راوی کنارے بسنے والے نئے شہر میں زیر زمین پانی کے لائسنس اور فیس وصولی کا اختیار نئی اتھارٹی کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ کے سیکشن 29میں 2013 میں ہونے والی ترمیم کے تحت ضلع بھر میں واسا کی جانب سے زیر زمین پانی نکالنے کی فیس وصول کی جا رہی ہے ۔ اب پنجاب حکومت کی جانب سے راوی کنارے نیا شہر بسانے کیلئے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے آرڈنینس جار ی کیا گیا ۔ اس آرڈنینس کے سیکشن 36 میں کہا گیا کہ اتھارٹی کے نوٹیفائیڈ کنٹرول ایریا میں اتھارٹی کی اجازت کے بغیر زیر زمین پانی نہیں نکالا جا سکے گا۔ پانی نکالنے کی فیس بھی اتھارٹی ہی وصول کرے گی جبکہ اس شق کی خلاف ورزی کی صورت میں کنکشن سیل یا بند کیا جا سکتا ہے ۔ واضح رہے کہ اس وقت واسا کی ضلع لاہور میں جہاں واٹر سپلائی اور سیوریج کی سروسز موجود نہیں ،وہاں بھی واسا کی طرف سے زیر زمین پانی نکالنے کی فیس وصول کی جا رہی ہے ۔ نئے شہر میں پانی کے معاملات کیلئے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا ہی ذیلی ادارہ یا شعبہ قائم کیا جائے گا، اب تک کی پیش رفت کے مطابق وہاں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذیلی ادارہ واسا کی خدمات نہیں لی جا ئیں گی۔