لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب وصدر ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی جانب سے کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش اور مذمت کافی نہیں۔ ہندوستان نے 80دنوں سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا کر ثابت کردیا کہ مودی ہٹلر سے بھی بڑھ کر ظالم انسان ہیں ، جسے دنیا کی مذمت اور عالمی اداروں کی کوئی پروانہیں۔ کنٹرول لائن پر غیر ملکی میڈیا ور سفیروں کا دورہ ہندوستان کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ یہ دو ایٹمی ملکوں کے درمیان تصفیہ طلب مسئلہ ہے ،جسے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ہونا چاہیے ۔ بھارتی بیانیے کو شکست دینے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت پاکستان کشمیر کے حوالے سے پالیسی کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کرے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی لچک نہ دکھائی جائے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے ۔ڈھائی ماہ سے جاری کرفیو نے انسانی المیے کو جنم دے دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی جانب سے آبی جارحیت کا بھی خدشہ ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ بروقت اقدامات کرے ۔ 2019میں بھارتی فورسز 2068کنٹرول کی خلاف ورزی کی ہے ، جس میں 44شہری شہید اور 230زخمی ہوئے ہیں۔