لاہور(خصوصی نمائند+اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان بھی انتخابی مہم کے لئے موٹر سائیکل پر سوار ہوگئے ،انہوں نے لاہور سے پارٹی چیئرمین عمران خان کے حلقہ انتخاب این اے 131اور اپنے ایک صوبائی حلقہ انتخاب پی پی 162میں موٹر سائیکل پر انتخابی مہم چلائی۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے موٹر سائیکل کو انتخابی مہم کے سیاسی ہتھیار کے طور پر اپنے حلقہ میں متعارف کروایا تھا، جسکے بعد تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی،پیپلز پارٹی کے سید خورشید شاہ اور دیگر نے موٹر سائیکل کو بنایا اپنی انتخابی مہم چلانے کا سیاسی ہتھیار،عبدالعلیم خان نے این اے 131اور پی پی 162کے گلیوں میں موٹر سائیکل پر پارٹی چیئرمین اور اپنے لئے ووٹ مانگا ۔ ادھر ولید اقبال کے زیرصدارت این اے 131اور پی پی 162میں اسلم جٹ کی رہائش گاہ پر اجلاس ہوا جس میں حلقہ میں تحریک انصاف کی جاری انتخابی مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا ، خواتین رہنماؤں نے منزہ حسن،سنیا ساجد ،ڈاکٹر سیمی بخاری اور کرن علیم خان کے ساتھ مل کر ڈور ٹو ڈور مہم کا سلسلہ تیز کر دیا ۔ تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان نے علامہ اقبال روڈ،طارق روڈ،باجالائن ،گڑھی شاہو،سمیت دیگر علاقوں میں ریلی نکالی اس موقع پر جمشید اقبال چیمہ اور آجاسم شریف بھی ان کے ہمرا ہ تھے ۔