لاہور(نامہ نگار)لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے لاہور میں لوکل چلنے والی ویگنوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے متعدد ویگنوں کو 3 روز کے لئے تھانوں میں بند کر دیا ، ٹرانسپورٹروں نے بھاٹی چوک اور ریلوے سٹیشن پر شدید احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق تین ماہ سے بند لوکل ٹرانسپورٹ بند ہونے پر متعدد ٹرانسپورٹروں کی جانب سے بے روزگاری سے تنگ آکر گاڑیوں کو چلایا گیا جس پر لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے اہلکاروں کی جانب سے 20سے زائد گاڑیوں کو پکڑ کر مختلف تھانوں میں 72گھنٹوں کے لئے بند کرا دیا گیا ۔ اس صورت حال پر ٹرانسپورٹر رہنما دلدار پرویز ، حاجی اصغر اور لالہ بشیر نے کہا کہ تین ماہ سے لوکل ٹرانسپورٹ بند ہونے سے پہلے ہی فاقے ہیں ۔ڈرائیور اور دیگر عملہ شدید پریشان ہے اور اگر مجبوراً چلایا تو انہیں تین روز کے لئے تھانوں میں بند کردیا گیا جو کہ ظلم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹروں کے ساتھ ظلم کی انتہا کر دی آج ہی ٹرانسپورٹروں کو بلا کر احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا ۔