فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) فیصل آباد سمیت پنجاب کے تمام بلدیاتی اداروں کو رواں ماہ کے لئے غیر ترقیاتی گرانٹ کی مد میں 2 ارب 73 کروڑ 65 لاکھ روپے جاری کردیئے گئے ہیں۔ ان میں فیصل آباد سمیت 11 میونسپل کارپوریشن اور لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ 35 ضلع کونسلز اور 182 میونسپل کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹرز کو گرانٹ منتقل کردی گئی ہے ۔ میونسپل کارپوریشن میں سب سے زیادہ غیر ترقیاتی گرانٹ فیصل آباد کی سات کروڑ 90 لاکھ روپے بنتی ہے ۔ جس کے بعد راولپنڈی کو پانچ کروڑ روپے ، ملتان 4 کروڑ 63 لاکھ روپے ، گوجرانوالہ 2کروڑ 41 لاکھ روپے ، گجرات ایک کروڑ 92لاکھ روپے ، بہاولپور ایک کروڑ 29لاکھ روپے ، ڈیرہ غازی خان ایک کروڑ 86 لاکھ روپے دیئے جائیں گے ۔ فیصل آباد میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور سات میونسپل کمیٹیوں کو مجموعی طور پر 20 کروڑ روپے کے قریب جاری کئے گئے ہیں۔ جس سے ملازمین کی تنخواہیں، یوٹیلٹی بلز، فیول اور دیگر اخراجات کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔