مکرمی! حکومت نے پٹرول 26.2اور ڈیزل 17.34روپے مہنگے کر دیاہے۔ قوم کو مالی طور پر یہ زہریلا ٹیکہ ہر پندرہ دن بعد لگایا جاتا ہے اس کے علاوہ بجلی کی قیمت میں اضافہ گیس کی قیمت میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ عوام پر یہ مشق ستم عرصہ سے جاری ہے۔ اشرافیہ سے تعلق رکھنے والے سابقہ و موجودہ حکمران عوام کا خون نچوڑ کر لندن دبئی فرانس جائیدادوں کے مالک بنے ہوئے ہیں عیش و عشرت میں مشغول ہیں اپنی پارٹیوں کے اجلاس بھی وہیں منعقد کرتے ہیں۔باتیں عوام کی بھلائی کی کرتے ہیں۔ جو ’پیتے ہیں لہو دیتے ہیں تعلیم مساوات کے مترادف ہے۔میں آپ کے موقر روزنامہ کی وساطت سے سابقہ اور حالیہ برسر اقتدار اشرافیہ کے نمائندوں سے کہنا چاہوں گا کہ وطن عزیز پاکستان میں زندہ رہنے کا حق صرف اشرافیہ کو حاصل ہے۔ غریبوں نے زندہ رہنا ہے تو وہ ظالمانہ ٹیکس ادا کرتے رہیں اگر ظالمانہ ٹیکس ادا نہیں کر سکتے تو بحیرہ عرب میں ڈوب مریں یا زہر کھا کر خودکشی کر لیں جو اشرافیہ انہیں فراہم کرے گی جبکہ اشرافیہ سرکاری خزانہ سے اپنی عیاشیاں بدستور جاری رکھے گی ملک کے تمام اثاثے چاہے گروی رکھنے پڑیں۔ (چوہدری محمد علی)