لاہور(اپنے رپورٹر سے ) ایل ڈی اے سٹی کے پلاٹوں کے ترقیاتی واجبات کی پہلی قسط جمع کروانے کی آخری تاریخ15جون ہے جس میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ اس تاریخ کے بعد فائل مالکان کواصل رقم کے علاوہ17فیصد جرمانہ بھی اداکرنا ہوگا۔ایل ڈی اے سٹی کے پلاٹوں کی ٹرانسفر بھی شروع کر دی گئی ہے ۔واجب الادا رقوم جمع کروائے بغیر کوئی پلاٹ ایل ڈی اے ریکارڈ میں ایک سے دوسرے مالک کو ٹرانسفر نہیں کیاجائے گا۔ دوسری جانب ڈی جی ایل ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ۔ کوٹ لکھپت سبزی منڈی کی جگہ کا منافع بخش استعمال یقینی بنانے کے لئے قابل عمل منصوبہ تیار کیاجائے ۔جاری ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے ،اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز فارقلیط میر اور اعجاز خلیق رزاقی ،رانا ٹکاخان اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔