لاہور(سید مجاہد شاہ)سیکورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کی موثرنگرانی کرنے کیلئے 7 اہم شاہراہوں کی چیک پوسٹوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس کیلئے 17کروڑ 50لاکھ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے صوبہ میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات ، دہشت گردوں کی مختلف اضلاع میں موجودگی اور ان کی نقل و حرکت کی خفیہ اطلاعات کے بعد پنجاب حکومت نے داخلی و خارجی راستوں کی سکیورٹی سخت کرنے کیلئے سیف سٹی اتھارٹی کی مدد سے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ، ان کیمروں کی مد د سے شہر میں داخل ہونے والی چھوٹی ، بڑی گاڑیوں اور ان میں سوار افراد کی مانیٹرنگ کی جائے گی ، مزید برآں دیگر شہروں کو جانے والی گاڑیوں اور ان پر سوار افراد کو بھی مانیٹر کیا جائے گا، اس منصوبے سے گاڑی چوری کی وارداتوں کو روکنے میں بھی مدد ملے گی، کیمروں کی مانیٹرنگ میں لاہور پولیس کے پاس بھی اختیار حاصل ہو گا ، ذرائع کا کہنا ہے پنجاب حکومت کی ہدایت پر لاہور پولیس کے افسران اور سیف سٹی افسران نے اس حوالے سے پلان مکمل کرلیا ہے ۔