لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب بھر میں کالعدم تنظیموں کی آڑ میں دینی مدارس کیلئے قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی افسوسناک ہے ۔دینی مدارس کا کالعدم تنظیموں اور دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ قربانی کی کھالوں کیلئے این ،او،سی کے حصول کیلئے رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔ایک سازش کے تحت دینی مدارس کو بند کرنے کیلئے پابندیوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جارہا ہے ۔نومنتخب وزیر اعظم پاکستان مدارس کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا فوری نوٹس لیں۔ دینی مدارس بہترین این جی اوز کا کردار اداکررہے ہیں۔ پاکستان کی سلامتی ،استحکام اور امن وامان کے قیام کیلئے ہمیشہ کلیدی کرداراداکیا ہے ۔یہ بات مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے علماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے ساتھ محاذ آرائی سے گریز کیا جائے ۔ دینی مدارس معاشرے کے لاکھوں مستحق طلبہ کو دینی و عصری تعلیم سے بہرہ ور کررہے ہیں اس لحاظ سے پاکستان کی سب سے بڑی این جی اوز ہیں جس کا عالمی ادارے بھی اعتراف کرچکے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان سمیت اتحاد تنظیمات مدارس کی قیادت کو یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی کہ قربانی کی کھالوں کے مسئلہ پر دینی مدارس کیلئے مشکلات پیدا نہیں کی جائیں گی۔ اس کے باوجود دینی مدارس کو اجازت نامے جاری نہیں کئے جارہے ۔