سرینگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کے قتل عام، جبری گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ایک ہفتے کے دوران 11بے گناہ کشمیری شہید ہو چکے ،ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ، وادی میں کاروبار زندگی معطل رکھا جائیگا،احتجاجی جلسے جلوس اور مظاہرے بھی کئے جائینگے ۔دوسری طرف قابض فورسز نے سری نگر کے علاقے نوگام میں سرچ آپریشن کیا اور 15 افراد کو گرفتار کر لیا، شہریوں نے بھارتی فورسز پر پتھرا ئو کیا۔نوگام میں گزشتہ روز بھارتی فوج نے تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا ۔ دریں اثنالداخ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ، زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.2 تھی ، کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔کے پی آئی کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں ایک ہفتے کے دوران مقبوضہ علاقے میں 11بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجی کشمیریوں کی منظم نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ بھارتی فورسز نے گزشتہ جمعرات سے پورے مقبوضہ علاقے میں جاری تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کارروائیوں کے دوران 11نوجوانوں کو شہید اور درجنوں عمارتوں کو تباہ کر دیاہے ۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا کہ وہ دن دور نہیں جب شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی ۔حریت قیادت نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سخت نوٹس لیں۔