لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان میں تیزی سے بڑھتے ہو ئے مرض چھاتی کے کینسر اور صحت مند طرز زندگی کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے پنک ربن پاکستان میں نوجوان رضاکاروں کے ساتھ ایک سیشن کیا گیا۔ جس میں ادارے کے سی ای او عمر آفتاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مہلک مرض سے نجات کے لیے آگاہی سب سے اہم ہتھیار ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 5 سے 10 فیصد لوگوں کو یہ بیماری وراثت میں ملتی ہے جبکہ باقی 90 سے 95 فیصد لوگ ماحول اور طرز زندگی کے باعث اس بیماری کا شکار ہوتے ہیں۔لہذا صحت مند طرز زندگی کو اپنا لینے سے اس بیماری سے 70 فیصد تک بچا جا سکتا ہے ۔اس مہلک مرض سے بچائو کے لیے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں پھل ، سبزیاں ، سو فیصد اناج سے بھرپور اور نامیاتی کھانے ، مچھلی، لوبیا،ہلدی ، کالی مرچ، زیتون ، سویااور وٹامن ڈی استعمال زیادہ کرنا چاہیے جبکہ نقصاندہ چربی، چینی ، پروسیس شدہ گوشت ، غیر قدرتی مشروبات اور زیادہ پکا ہوئے کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے ۔ان کا کہنا تھا کہ کہ زیتون اور زیتون کے تیل میں پایا جانے والا مادہ ہائیڈرو آکسیٹائروسل Hydroxytyrosol ،سویا میں پایا جانے والا جینیسٹین آئسو فلیونIsoflavone Genistein اور وٹامن ڈی چھاتی کے کینسر سے بچائو اور علاج میں بہت کار آمد ثابت ہوسکتے ہیں۔