لاہور (سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ20فروری سے پنجاب سمیت ملک گیر مہنگائی کے خلاف مہم شروع کریں گے ۔ جماعت اسلامی ہی عوام کی حقیقی ترجمان ہے ۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے ۔ وزیر اعظم مہنگائی ہونے کا اعتراف تو کررہے ہیں مگر ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہیں ہورہی ۔ آٹا اور چینی کا بحران پیدا کرنے والے حکومتی صفوں میں موجود ہیں۔ ملک میں اشیاء ضروریہ کی طلب اور رسد کے درمیان کسی قسم کا کوئی میکنزم نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف پیکیج اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ۔ اس سے بہتری کی امید نظر نہیں آتی۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس معاشی وژن نہیں ۔ گردشی قرض 800 ارب روپے سے تجاوز کرکے 1900ارب تک پہنچ چکا ہے ۔ تحریک انصاف کی ناقص پالسیوں کی بدولت عوام کو تاریخ کی بد ترین مہنگائی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں 70لاکھ سے زائد افراد بے روزگار اور 10کروڑ خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں۔