لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )مہنگائی کے طوفان بے قابو،اتوار بازار بھی عوام کو ریلیف نہ دے سکے ،روزمرہ کی اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمانوں کو چھونے لگیں ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھی شہر میں سستے بازار لگائے گئے تاہم حکومتی دعووں کے باوجو دبھی مہنگائی کے جن کو قابو نہ کیا جاسکا۔سرکاری نرخ میں کئی سبزیوں کے نرخوں میں ایک ہی روز میں 20سے 25روپے اضافہ ہوگیاجبکہ سبز مرچ 195 کے سرکاری ریٹ سے 265روپے فی کلو پر پہنچ گئی ۔اسی طرح آلو ،پیاز،مٹر،کریلے ،لہسن سمیت دیگر کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخ ناموں میں اضافہ کیا گیا ہے ہفتہ وار بازاروں میں بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئیں۔ہفتہ وار بازار بھی سستے نہ رہے ، مہنگائی کے مارے عوام دہائیاں دینے لگے ، مرغی اور گوشت تو دور کی بات، عوام سبزیاں خریدنے کے بھی قابل نہیں رہے ۔اس حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا کہ جس طرح سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اس سے تو اب صرف چٹنی سے ہی کھانا ممکن ہے پہلی بارسبزیوں کی قیمتیں 200سے بھی اوپر پہنچ گئی ہیں ۔تبدیلی سرکاری نے عوام کو ریلیف کیا دینا تھا کہ جو پہلے سے قیمتیں ان کو ہی برقرار رکھے تو عوام کیلئے غنیمت ہوگی تبدیلی کے دعوے کر کے اب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی ہے ۔