لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 16 جون سے مہنگائی ،بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کیخلاف تحریک چلائے گی۔آئی ایم ایف کے مسلط کردہ ایجنڈے پر کاربند حکومت تیزی سے عوامی حمایت کھورہی ہے ۔ جماعت اسلامی 16 جون کو عوام کی ترجمانی کیلئے لاہور مال رو ڈ پر بڑا عوامی مظاہرہ کریگی ۔گزشتہ روز منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بغیر کسی مزاحمت کے آئی ایم ایف کے سامنے سرنگوں ہوچکی۔حکمرانوں کی نااہلی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔پی ٹی آئی کی 10ماہ کی مایوس کن کارکردگی نے ثابت کردیا ہے کہ اس سے کسی بہتری کی امید لگانا اور کسی خیر کی توقع رکھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں۔ وزیراعظم کرپشن اور قرضوں کے حسابات اپنے ارد گرد بیٹھے ان مشیروں سے لیں جوسابق حکمرانوں کیساتھ قرضے لینے میں پیش پیش رہے ۔ حالیہ گرفتاریاں مکافات عمل ہے ۔ جو لوگ ان گرفتاریوں کا کریڈٹ لے رہے ہیں جب کرپشن کے واقعات ہورہے تھے ،تو یہ خود اس کرپٹ ٹولے کیساتھ ہوا کرتے تھے ۔ قومی بجٹ میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے بجائے اسے آئی ایم ایف کی فرمائشیں پوری کرنے کا ذریعہ بنایا گیا اور ایک دفعہ پھر عوامی توقعات سے یوٹرن لیکر آئی ایم ایف کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ۔ عوام نے بجٹ کو مسترد کردیا ہے ۔ بجٹ میں مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے کیلئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل نہیں دیا گیابلکہ اس بجٹ سے مہنگائی اور بے روزگاری مزید بڑھے گی،کاروبار ٹھپ ہونگے ،زراعت اور صنعت کی حالت مزید پتلی ہوجائیگی۔ حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کو پورا کرنے کی طرف بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم ،نائب امرائلیاقت بلوچ،میاں محمد اسلم،راشد نسیم،اسد اﷲ بھٹو،ڈاکٹرفریداحمد پراچہ،عبدالغفار عزیز،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور ڈپٹی سیکرٹریز بھی موجود تھے ۔