لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر) ڈی سی صالحہ سعید کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ کا سرکار کی زمین واگزاری کا آپریشن جاری ہے ۔آپریشن کے دوران مین کنال روڈ ہربنس پورہ سے سرکار کی20 کنال زمین کو واگزار کروا لیا گیا ہے اورزمین پر بنے کمرشل سٹرکچرز کو مسمار کر د یا گیا ہے ۔ آپریشن میں بھاری مشینری کو استعمال کیا گیااور واگزار کروائی گئی جگہ کی مالیت ایک ارب روپے ہے ۔آپریشن کی نگرانی اے سی شالیمار عبدالرزاق ڈوگر نے کی۔ آپریشن کے دوران پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود تھی۔ اسی طرح غیر قانونی طور پر بنائی گئی فیکٹری کو بھی مسمار کیا گیااورتین منزلہ بنے پلازہ کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے جناح مارکیٹ گلشن راوی میں بھی تجاوزات کا آپریشن کیا۔کار سرکار میں مداخلت پر دو افراد کو حراست میں لے لیا ۔ دریں اثنا موٹروے پولیس سنٹرل زون کا قو می شاہرات پر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا ،سید عمران احمد ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر موٹرویپولیس سنٹرل زون کا اقبال آ باد کے قریب ناجائز تجاوزات کے خلاف آ پریشن کیا گیا ، تجاوزات کی خلاف آپریشن این ایچ اے اور مقامی انتظامیہ کی مدد سے کیا جارہا ہے ۔