لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )نامور سکالر، ماہر تعلیم ڈاکٹر مغیث الدین شیخ کی سوانح حیات’’ سسکتی مسکراتی زندگی‘‘ کی تقریب رونمائی گزشتہ روز ایوان اقبال میں ہوئی جس میں سینئر صحافیوں مجیب الرحمان شامی،ارشاد احمد عارف،سلمان غنی،ڈاکٹر اکرم چودھری ،ڈاکٹر ندیم الحسن،تاثیر مصطفے ،ڈاکٹر نوید چودھری،ڈاکٹر زاہد بلال،لبنی ظہیر،نعیم مصطفے ، اجمل جامی،سلمان عابد، افتخار مجاز، ممتاز سالک، زاہدمقصود سمیت معروف کالم نگاروں،ماہرین تعلیم،اساتذہ اور طلبا نے شرکت کی ۔ مقررین نے ڈاکٹر مغیث الدین کی سوانح حیات کے حوالے سے خیالات کااظہار کیا اور ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف کالم نگار و گروپ ایڈیٹر روزنامہ 92نیوزارشاد احمد عارف نے کہا ڈاکٹر مغیث الدین کی کتاب صحافت کے طلبا کیلئے مشعل راہ ہے ، وہ مبارکباد کے مستحق ہیں،ڈاکٹر مغیث الدین شیخ نے اپنے سوانح حیات میں مشاہدات اورمعاشرے کی حقیقت بیان کی ہے ،وہ ایک درسگارہ کا درجہ رکھتے ہیں، ان کے کئی شاگردوں نے نام کمایا،وہ جس جس تعلیمی ادارے میں رہے اس کا وقار بلند کیا،تحریک ختم نبوت میں بھی ان کاکردار بڑا اہم ہے ۔معروف کالم نگار مجیب الرحمن شامی نے کہا ڈاکٹر مغیث جیسا قابل استاد نہیں ملتا،انہوں نے زندگی کا نچوڑ اپنی کتاب میں پیش کیا ۔معروف صحافی سلمان غنی نے کہاڈاکٹر مغیث خود ایک ادارہ ہیں۔تقریب کے آخر میں ڈاکٹر مغیث الدین شیخ نے شرکاء کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کتا ب کی پذیرائی کرنے پر تمام دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں،میں نے کبھی سچ اور حق بات کہنے میں شرم نہیں کی۔