لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی وزیر اوقاف پیر سیدسعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے ننکانہ صاحب میں سیاحوں کے لئے ٹی ڈی سی پی موٹل 13 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کر لیا ہے جو مذہبی سیاحتی فروغ کا باعث ہوگا۔موٹل میں سیاحوں کیلئے جدید ترین سہولتوں سے آراستہ 14 گیسٹ روم، 4 سوئیٹ، ریسٹورنٹ، کانفرنس ہال اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہے ں۔ موٹل میں سکھ زائرین اور دیگر سیاحوں کو قیام و طعام کی عمدہ سہولت میسر ہوگی۔ حکومت پنجاب مذہبی رواداری کی پالیسی کے تحت سکھ برادری کو ان کے مذہبی مقامات پر بہترین سہولتیں فراہم کر رہی ہے ۔پنجاب اسمبلی میں اجلاس کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اوقاف نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں اپنی نوعیت کی پہلی بابا گورو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے ۔ننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک یونیورسٹی 10 ایکڑ زمین پر تقریباً6 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بابا گورو نانک یونیورسٹی وزیراعظم عمران خان کے وعدوں کی تکمیل کی جانب ایک اور قدم ہے ۔بابا گورو نانک یونیورسٹی کے قیام سے ننکانہ صاحب اور گرد و نواح کے لاکھوں طلبا مستفید ہوں گے ۔ننکانہ صاحب میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا میگاپراجیکٹ 15 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔