لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی پی پیز سے بجلی کی نرخ اور ٹیرف کم کرنے کے سلسلے میں دوبارہ بات چیت کی جائے کیونکہ وہ بجلی کی پیداوار پر40 فیصد تک منافع کما رہے ہیں جو 17 فیصد تک زیادہ ہے ۔پیاف کے چیئرمین میاں نعمان کبیر نے ، سینئر وائس چیئرمین ناصر حمید اور وائس چیئرمین جاوید اقبال صدیقی کے ساتھ مشترکہ بیان میں آئی پی پیز کے کام پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا طرز عمل استحصالی ہے ، حکومت مروجہ معاہدوں سے ان کمپنیوں سے دوبارہ نتیجہ خیز بات چیت کرے ۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کی صلاحیت کا استعمال صرف 50 فیصد ہے کیونکہ بجلی کے پروڈیوسر مناسب ایندھن نہیں خریدتے ہیں اور صرف 50 فیصد صلاحیت پر کام کرنے کا انتخاب کرتے ہیں اور پھر بھی بڑھتے ہوئے منافع سے خوب فائدہ اٹھاتے ہیں۔میاں نعمان کبیرنے بتایا کہ پاور پلانٹس 1994 کی پاور پالیسی کے تحت لگائے گئے تھے ۔نئی پالیسی میں ، حکومت کو ایندھن اور گیس کی قیمتوں کے مستقبل کے منظر نامے کا جائزہ لینا چاہئے ۔جاوید اقبال صدیقی نے کہا کہ صرف ٹیکسٹائل سیکٹر ہی نہیں بلکہ تمام انڈسٹریز پر یکساں طور پر بجلی کے نرخوں میں کمی کی جائے تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو ۔