مدینہ منورہ(نیٹ نیوز) وزیراعظم عمران خان سعودی ولی وعہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ماحولیات کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کیلئے 3 روزہ دورے پرسعودی عرب پہنچ گئے ۔ وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ مدینہ پہنچے جہاں انہوں نے روضہ رسولﷺ پر حاضری دی اور نوافل ادا کئے ۔مدینہ پہنچنے پر مدینہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل نے وزیر اعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ روضہ رسول پر حاضری کے بعد وزیر اعظم وفد کے ہمراہ جدہ پہنچ گئے جہاں مکہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان السعود نے وزیر اعظم کا ا ستقبال کیا۔وزیر اعظم جدہ سے مکہ مکرمہ کے لئے روانہ ہوں گے جہاں وہ عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے ۔قبل ازیں مدینہ پہنچنے کے بعد وزیراعظم جب جہاز سے باہر آئے تو وہ جوتوں کے بغیر ننگے پیر تھے ۔وزیراعظم کے وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی حماد اظہر اور معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم شامل ہیں۔ادھر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض میں سبز سعودی عرب منصوبے کے سلسلے میں پہلے سالانہ فورم کا افتتاح کر دیا۔ وہ سبز سعودی عرب سپریم کمیشن کے سربراہ بھی ہیں۔