مکرمی! پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کی تائید و حمایت سے داخلی اور بیرونی چیلنجوں کو ناکام بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور استحکام کیلئے ان چیلنجوں کو مواقع میں تبدیل کریں۔اجلاس میں جیو سٹرٹیجک، علاقائی اور قومی سلامتی کے ماحول، سرحدوں اور کنٹرول لائن کی صورتحال اور بھارت کے غیر قانونی قبضے والے جموں و کشمیر میں قتل و غارت گری پر غور کیا گیا۔ عسکری قیادت نے ناقابل تردید شواہد کے پس منظر میں بھارت کی طرف سے ریاستی دہشت گردی اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں پر گہری تشویش کا اظہارکیا ہے۔ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی سرگرمیاں، پاکستان کے اندر اور بالخصوص، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں انتشار پیدا کرنے کیلئے دہشت گردی کی مالی سرپرستی میں ملوث ہونا اور دہشت گردوں کو تربیت فراہم کرنے جیسی کوششیں خطہ کے امن و سلامتی کی توہین کرنا ہے۔ کنٹرول لائن کے ساتھ رہنے والے نہتے شہریوں پر بغیر کسی اشتعال کے بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مستقبل میں پاکستانی شہریوں کی موثر حفاظت کیلئے تمام تر درکار اقدامات کئے جائیں گے۔ (شہزاد احمد، ملتان)