نئی دہلی،سرینگر(نیٹ نیوز،کے پی آئی) دنیا بھر کی معلومات سے متعلق انٹرنٹ کی مشہور زمانہ سائٹ وکی پیڈیا اور بھارتی حکومت کے درمیاں جموں وکشمیر بارے تنازع پیدا ہو گیا ہے ۔ وکی پیڈیا نے بھی جموں وکشمیر بارے بھارتی دعوے کو تسلیم نہیں کیا۔جموں وکشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں بلکہ بھارت کے زیر انتظام علاقہ قرار دیا ہے ۔وکی پیڈیا نے اقصائے چن کو چین کا حصہ دکھا یا ہے ، بھارتی حکومت نے وکی پیڈیا سے صفحہ ہٹانے کی درخواست کی ہے ۔ اب تک وکی پیڈیا نے نقشہ درست نہیں کیا ہے ۔ ادھر ضلع کپواڑا اورشوپیاں میں تعینات مزید 2 بھارتی فوجیوں نے اپنی ہی رائفل سے خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی۔ سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ وادی کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے مودی سرکار کے فیصلے کو قبول نہ کرنے پر مودی حکومت نے انہیں دھمکی آمیز پیغامات بھیجے ۔کشمیری میڈیا کو انٹرویو میں محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ بھارتی سرکار نے انہیں براہ راست اور درپردہ ایسے پیغامات بھیجے جن میں کہا گیا کہ لائن پر آجاؤ ورنہ نتائج بھگتنے کیلئے تیار رہو۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کو اپا ہیج بنانے کیلئے انتہائی سفاکانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جن میں گولیوں ،پیلٹ چھروں ، پا وا اور آنسو کے گولوں کی فائرنگ شامل ہے ۔مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ نے جنوبی کشمیر کے شہری کی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت قید کے حکم کو معطل کر کے علی پورہ شوپیاں کے رہائشی وسیم احمد شیخ فوری رہائی کا حکم دیاہے ۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے سرینگر میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو ڈرایا دھمکایا اور ان کے گھروں کو نقصان پہنچایا ۔دریں اثنا ایک بھارتی فوجی نے ضلع بارہمولہ میں خاتون کی بے حرمتی کی ہے ۔اوڑی پولیس نے اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے ۔