اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،پشاور،بٹ خیلہ ، کوئٹہ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،ڈسٹرکٹ رپورٹر،92نیوزرپورٹ،بیورورپورٹ، نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید26افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد12333ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 1048نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد564077ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد25747ہو گئی،1680مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل525997صحتیاب ہو چکے ۔وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر اسد عمر نے 65 برس اوراس زائد عمر والوں کیلئے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ شہریوں کو ویکسین لگانے کیلئے رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے ۔ٹویٹ میں اسد عمر نے مزید کہا کہ رجسٹریشن کیلئے قومی شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 1166پر میسیج کریں ،ویکسین مارچ سے لگے گی۔دریں اثنا وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تمام طبی عملے کی رجسٹریشن بھی کی جا رہی ہے ۔وفاقی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 60 سال سے زائد عمر والوں کی تعداد 85 لاکھ ہے اور ان کو برطانوی ویکسین ایسٹرازینیکا لگائی جائیگی۔جون تک 60سال سے زائد عمر تمام بزرگوں اور طبی عملے سمیت 1کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ ہے ۔ 4کمپنیوں کو کورونا ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دی ہے ، ہم نظر رکھیں گے کہ ناجائز منافع خوری نہ ہو۔ چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرار الحق نے کہا کہ2 کروڑ پاکستانیوں کیلئے جلد ویکسین فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اب تک دنیا میں 45قسم کی کورونا ویکسین تیار کی جا رہی ہیں، کین سائنو ویکسین کے ڈاکومنٹ پر ڈرگ ریگولیٹری حکام کے جائزہ کے بعد حکومت پاکستان 2کروڑ ڈوز حاصل کریگی۔ پاکستان کی 10 کروڑ آبادی کو کم از کم بھی ویکسین ڈوز 2021 کے اختتام سے قبل میسر کرنا چیلنج ہے ۔ ادھر وزیر تعلیم پنجاب مراد راس بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے اور گھر پرقرنطینہ اختیار کرلیا ،انہوں نے بیان میں کہا کہ حالیہ دنوں مجھ سے ملاقات کرنیوالے لوگ بھی کورونا ٹیسٹ کرائیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید14مریضوں کی جان چلی گئی اور اموات کی کل تعداد5051ہوگئی جبکہ435نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں 266، شیخو پورہ 4،راولپنڈی8،فیصل آباد 36،اوراوکاڑہ میں 37 کیسز رپورٹ ہوئے ۔سیکرٹری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) عثمان کے مطابق لاہور میں کورونا کیسز میں اضافہ پر 7 علاقوں عسکری 10 ، ڈیفنس فیز 2،3 ،سرور کالونی اور شادباغ میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا ، مختلف گلیاں سیل کی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید 7کورونامریض جاں بحق ہوگئے جبکہ254نئے کیسزمیں سے 158کراچی سے سامنے آئے ہیں۔ادھرخیبر پختونخوا میں کورونا سے مزید4افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ106نئے مریض سامنے آگئے ۔ڈپٹی کمشنرملاکنڈمحمدسہیل خان بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔بلوچستان میں کورونا کے 4نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں24لاکھ15ہزارسے زائد ہو گئیں۔سعودی عرب میں300سے زائدنئے کیسزاور مزید5اموات سامنے آگئیں۔سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور، دعوت اور رہنمائی نے مملکت کے تین ریجنز میں نمازیوں میں وائرس کی تصدیق پر مزید 5مساجد بند کر دیں۔سعودیہ کی الجوف گورنری اور اسکے اطراف میں پولیس نے تین روز میں کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر کئی دکانوں، کیفیزاور ہوٹلوں سمیت 48 املاک کوسیل کر دیا جبکہ مالکان کو جرمانے کئے ،ترجمان سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ حکومت ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کرائیگی ،کسی سے کوئی نرمی اور رعایت نہیں برتی جائیگی۔ آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں5 روزہ لاک ڈائون جاری ہے جبکہ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے کہ لاک ڈائون بدھ کے بعد ختم کردیا جائیگا۔نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں بھی 3 روزہ لاک ڈائون نافذ ہے ۔ وزیر اعظم نیوزی لینڈ نے کہا کہ فیصلے کا آج دوبارہ جائزہ لیا جائیگا۔ کورونا کے باعث جرمنی نے چیک جمہوریہ اور آسٹریا کیساتھ اپنی سرحدیں بند کردی ہیں۔