لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ پاکستان میں نوزائیدہ بچوں کی اموات میں غیرمعمولی اضافہ ہوچکا ہے ۔محکمہ صحت پنجاب نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات میں کمی لانے کیلئے عالمی ادارہ صحت، یونیسف اوراکیڈیمیاکیساتھ ملکر اقدامات کریگا۔گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پروفیسر شارلوٹ رائٹ کے اعزازمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹریاسمین راشدنے گلاسگویونیورسٹی کی معاونت سے صوبہ کے دیہی علاقوں میں ماں اوربچہ کی صحت کویقینی بنانے کیلئے ریسرچ پروگرام شروع کرنیکااعلان کیا اور مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں بچوں کی وربل اٹاپسی کاجامع پروگرام شروع کیاجائیگا۔ دوران زچگی ماں اوربچہ کی اموات کی شرح کوروکناہوگا۔ متعلقہ سی ای او، گائناکالوجسٹ اور چائلڈسپیشلسٹ وربل اٹاپسی کی رپورٹ محکمہ صحت کوبھجوانے کے پابندہونگے ۔میڈیکل سائنسزمیں جدید علوم کے ذریعے مریضوں کے محفوظ علاج معالجہ کویقینی بناسکتے ہیں۔ تقریب میں سپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئراجمل بھٹی، ٹیکنیکل ایڈوائزرڈاکٹراختررشید، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسرڈاکٹرسلیم، پروفیسر ڈاکٹر جاوید چوہدری، ڈاکٹرخالدمحمود، عمرمعاذ، ڈاکٹرجنیدرشید، ڈاکٹرامیرالدین چوہان، ڈاکٹربشیراحمد، ڈاکٹرزینب، یونیسف سے عظمی، عمارہ اورنیوٹریشن پروگرام سے زارہ نے بھی شرکت کی۔