واشنگٹن(آن لائن)امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے بھارت اور پاکستان کے مابین تعلقات کو لازمی قرار دیتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا پاکستان کو اعتماد میں لئے بغیر افغانستان میں قیام امن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ اپنے ایک انٹرویو میں ہیلری نے کہاپاکستان کو اعتماد میں لئے بغیر دہشت گردی ختم کی جا سکتی ہے نہ افغانستان میں قیام امن کی ضمانت دی جا سکتی ہے ۔ امریکہ کو اب پاکستان سے کورا جواب ملا جو افغانستان میں برسرپیکار امریکی فوج کیلئے خطرے کی علامت ہے ۔ہیلری کلنٹن نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت کو چاہئے کہ وہ انسانی حقوق پر عملدرآمد کیلئے انتظامیہ کو مجبور کرے ،دونوں ملکوں میں انتہاپسندانہ کارروائیاں مسائل کے حل نہ ہونے کی وجہ سے ہورہی ہیں اور دونوں ملکوں کو قریب لانے میں امریکی انتظامیہ بہتر کردار ادا کرسکتی ہے ۔