لاہور(جنرل رپورٹر)ایور کیئرہسپتال لاہور ملک بھر میں بریسٹ کینسر سے آگاہی میں اضافے کے لئے این جی او پنک ربن کے ساتھ تعاون کررہا ہے ۔اس سلسلے میں گزشتہ روز بیگم گورنر پنجاب پروین سرور نے ایور کئیر ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں پر بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی واک کا افتتاح کیا اور اس میں شرکت کی ۔ اس موقع پرایور کیئر کے چیف آپریٹنگ افسر Andrew Currie اینڈرو کورے نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پاکستان بریسٹ کینسر کے حوالے سے سب سے زیادہ شدید خطرہ والے ممالک میں شمار کیا جاتا ہے جہاں ہر نو میں سے ایک خاتون میں بریسٹ کینسر کا خدشہ ہے ، جس کے نتیجے میں بریسٹ کینسر ہر سال 40ہزار خواتین کی موت کا سبب بن سکتا ہے ۔بریسٹ کینسر کے 77فیصد کیسز50سال سے زائد عمر کی خواتین میں پائے جاتے ہیں،تاہم اگر ابتدائی طور پر اس مرض کی تشخیص ہوجائے تو اس سے بچنے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے ۔اس امر کو مد نظر رکھتے ہوئے ایور کیئرہسپتال لاہور نے آگاہی میں اضافے کے لئے اپنی کاوش کے تحت خواتین کے لئے 19سے 30اکتوبر2019تک مفت چیک اپ اور میمو گرافی کی سہولت فراہم کی ہے ۔ایور کیئر اسپتال کا شمار لاہور میں چند full-suiteطبی سہولیات فراہم کرنے والے مرکز میں ہوتا ہے جو کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ طبی آلات سے لیس ہے جہاں مقامی و بین الاقوامی تجربہ کی حامل تجربہ کار انتظامی ٹیم موجود ہے ۔