لاہور(اپنے رپورٹر سے ) پنجاب میں سستے گھروں کی تعمیر کے فنانشل ماڈل کیلئے سب کمیٹی قائم کردی گئی۔ 50 لاکھ سستے 50 گھروں کی تعمیر کے فنانشل ماڈل کے حوالے سے اسلام آباد اور کراچی کے بعد پنجاب میں بھی 6 رکنی سب کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس میں محکمہ ہائوسنگ، پرائیویٹ ڈویلپر اور فنانشل ایکسپرٹ شامل ہوں گے جبکہ منظور احمد کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق سب کمیٹی منصوبے کی مالیت، طریقہ کار، گھر کی فراہمی کے معاملات دیکھے گی، گھروں کی اقساط اور بینکوں کے معاملات کی نگرانی بھی کمیٹی ہی کرے گی۔ سب کمیٹی 2 ہفتوں میں مرکزی ٹاسک فورس کو رپورٹ کرنے کی پابند ہو گی۔صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمودالرشید نے کہا کہ درخواست گزار کو 15 سے 20 لاکھ قرضے کی سہولت بھی دیں گے ، مستحق افراد کو3 مرلے کا گھر 12 سے 13 لاکھ میں دینے کا ارادہ ہے ۔ اب تک لاکھوں کنال اراضی لینڈ بینک میں آچکی ہے ،طریقہ کار وضع کر رہے ہیں کہ پہلے کس اراضی پر گھر بنائیں۔