لاہور(قاضی ندیم اقبال)لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں اور ان کے پشتی بانوں کے خلاف کریک ڈائون کی ہدایات جاری کر دی گئیں ۔ ضلعی اور پولیس حکام باہمی روابط کیساتھ معاملات کو آگے بڑھائیں گے ۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر میں ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل کی سطح پر تعینات پولیس آفیسر ز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر اور پہلے سے زیادہ منظم انداز میں منشیات فروشوں اور ان کے پشتی بانوں کے خلاف اقدامات کریں، ضلعی انٹیلی جنس کمیٹیوں کی رپورٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے کریک ڈائون کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق ہدایات میں قرار دیا گیا ہے کہ صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کے ارد گرد کے ماحول کی بھی سختی سے منظم انداز میں ریکی کا سلسلہ جاری رکھا جائے ۔ اس ضمن میں تعلیمی اداروں کے سربراہان کو بھی وقتا فوقتا اعتماد میں لیا جاتا رہے ۔ تعلیمی اداروں کے ارد گرد کے مقامات کا از سر نو جائزہ لے کر مستقبل کے نوجوانوں کو اس مکروہ فعل میں مبتلا کرنے والوں کے خلاف ہر ممکنہ طور پر کارروائی کر کے ان کی بابت رپورٹ صوبائی حکومت کو ہفتہ وار بنیادوں پر ارسال کی جائے ۔