راولپنڈی( رپورٹر92نیوز)راولپنڈی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہو گیا۔ گرین شرٹس نے دوسری اننگز میں بغیر نقصان کے 252 رنز بنائے ۔ٹیسٹ کے آخری روز پاکستانی اوپنرز نے آسٹریلوی باؤلرز کو بے بس کر دیا۔میچ کی دونوں اننگز میں سنچری شراکت کرکے پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے 51 سالہ پرانا ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی۔ امام الحق اور عبداللہ شفیق نے آسٹریلیا کے خلاف 252 رنز بنا کر پارٹنرشپ کا نیا پاکستانی ریکارڈر بھی بنا دیا۔ عبداللہ شفیق 136 اور امام الحق 111 رنز پر ناقابلِ شکست رہے ۔میچ کے آخری دن آسٹریلین ٹیم پاکستان کے پہلی اننگز کے اسکور 476 کے جواب میں 459 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر نعمان علی رہے جنہوں نے 107 رنز کے عوض 6 آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2 وکٹ حاصل کیے ۔میچ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے پر امام الحق میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔