لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب اری گیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (پیڈا)کے قیام سے بنیادی سطح پر کسان برادری کے درمیان آبی تنازعات کے حل میں نمایاں مددملی ہے جس سے کسانو ں کو بے جا مقدمہ بازی اور باہمی لڑائی جھگڑوں جیسے منفی سماجی عوامل سے چھٹکارا ملا ہے ۔ یہ بات پیڈا کے ترجمان نے کہاکہ پیڈا نہری شعبے کا ایک اہم پبلک سیکٹر ادارہ ہے جس کی بدولت کسانو ں کو فیصلہ سازی میں شریک کیاگیاہے ۔ اس طرح کسانوں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد بڑھا ہے او رانہیں ایک نیا اعتماد اور حوصلہ ملا ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ پیڈا نے نہری انتظام و انصرام میں مقامی زرعی متعلقین کو شامل کیاہے جس سے آبیانہ کی وصولی میں مدد ملی ہے ۔اسی طرح نہری پانی کی ٹیل تک تقسیم کے نظام میں بھی بہتری آئی ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ کسان تنظیموں کی معاونت سے چلنے والے اس پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کی بدولت حکومتی خزانے پر غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرنے میں مدد ملی ہے ۔ اسی طرح کسان تنظیمو ں کی بدولت نہروں سے استفادہ کرنے والے کسانوں میں نہری اثاثہ جات کی حفاظت کا احساس فروغ پایاہے ۔