لاہور(گوہر علی) چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے کورونا وائرس کے معاملہ پر اراکین سینٹ کے غیر سیاسی کردار کیلئے پلان تشکیل د ینے کا فیصلہ کیا ہے ، اراکین اسمبلی کی تجاویز اور مشوروں کی روشنی میں نئے پلان کا جلد اعلان کیا جائے گا ،ذرائع کے مطابق چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق کو ٹیلی فون کرکے مشکل وقت میں یکجہتی کا اظہار کرنے کا پیغام دیا ہے ،پلان کا مقصد کورونا وائرس کے خاتمہ کے لئے فنڈز جمع کرنے کے علاوہ دنیا کو متفقہ طو رپر اس مشکل وقت پر یکجہتی کا پیغام دینا ہے ۔چیئر مین سینٹ دیگر اراکین سینٹ سے بھی رابطے کرکے اس موقع پر پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوکر متفقہ لائحہ عمل بنانے کی ترغیب دے رہے ہیں،ان رابطوں میں صادق سنجرانی نے موقف اختیار کیا کہ امتحان کی اس گھڑی میں ہمیں مشترکہ امداد کے لئے کام کرنا چاہئے ، ا ن رابطوں کے بعد صادق سنجرانی متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔سینٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق نے بتایا صادق سنجرانی نے مجھے ٹیلی فون کر کے اپنی حکمت عملی سے آگاہ کیا ،مسلم لیگ(ن) تو پہلے ہی اس حوالے سے کام کررہی ہے ، شہبازشریف نے اس حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی کو خط بھی لکھا ،ایسے معاملات پر کبھی سیاست نہیں کی، ہم تو بہتری چاہتے ہیں۔