لاہور(نامہ نگار)محکمہ ٹرانسپورٹ کی ہدایت پر غیر ملکی کمپنی اوپس نے لاہور میں اپنے تینوں فٹنس وہیکل سینٹرز کھول دئیے ہیں جس پر آئندہ تمام پبلک و گڈز وہیکل انسپکشن سینٹرز سے فٹنس حاصل کرنے کی پابند کر دی گئی ہے ،گزشتہ روز غیر ملکی کمپنی اوپس کے ڈائریکٹر احمد شبیر اور جی ایم قاسم امام نے لاہور میں موجود تینوں وہیکل انسپکشن سینٹرز کا آغاز کیا اور موقع پر گاڑیوں کی فٹنس کے طریقہ کار کا جائزہ بھی لیا ،گزشتہ روز لاہور میں چلنے والی متعدد ویگنوں ،رکشوں ،پک اپس نے وکس سینٹرز پر جا کر فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کئے ،اس موقع پر غیر ملکی کمپنی اوپس کے ڈائریکٹر احمد شبیر نے روزنامہ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر لاہور میں تمام سینٹرز کھول دئیے گئے ہیں ، جلد پنجاب کے 26اضلاع میں موجود سینٹرز کو مرحلہ وار کھولا جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ انکی کمپنی کی جانب سے عالمی معیار کے مطابق گاڑیوں کی فٹنس کی جائے گی تا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا خاتمہ ہو سکے ، جبکہ اوپس کمپنی کے جنرل مینجر آپریشن قاسم امام نے کہا کہ ٹرانسپورٹروں کو وہیکل انسپکشن سینٹرز میں تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی ،جس کیلئے انکے لئے بیٹھنے کی جگہ کے ساتھ صفائی کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سٹاف کو ٹرانسپورٹروں کے ساتھ اچھا رویہ اختیار کرنے کی درخواست کی گئی ہے اگر کسی ٹرانسپورٹر کو کوئی شکایت ہو گی تو انکی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ تمام سینٹرز پر کورونا ایس او پیز کا بھی عملدرآمد کرایا جا رہا ہے ،فیس ماسک کے ساتھ ہیڈ سینی ٹائزر رکھا گیا ہے جبکہ آنے والے ٹرانسپورٹروں کیلئے بھی فیس ماسک لازم قرار دیا گیا ہے ۔