لاہور (جنرل رپورٹر)پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ا ور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اپنے متعلقہ تما م معا ملات میں باہمی مشاورت جاری رکھیں گے ۔ اس امر کا فیصلہ گزشتہ روزہونے والے ایک مشترکہ اجلاس میں کیا گیا،جس میں پریزیڈنٹ الیکٹ پی ایم اے پنجاب ڈاکٹر تنویر انور،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر کامران سعید،سابق صدر ڈاکٹر اظہار احمد چودھری اور صدر پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنزڈاکٹر طارق میاں نے شرکت کی۔کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد سلہریا کی سربراہی میں ڈائریکٹرلائسنسنگ ڈاکٹرمحمد انور جنجوعہ، ڈائریکٹرشعبہ شکایات پروفیسرریاض احمد تسنیم اورپروگرام ایڈوائزر ڈاکٹرریاض احمد چوہدری نے اپنے ادارے کی نمائندگی کی۔دونوں اطراف نے لوگوں کو صحت کی بہترین اور محفوظ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر مشاورت کی۔انسدادِعطائیت کے حوالے سے اس امر کا اعادہ کیاگیا کہ کمیشن کی ٹیمیں پی ایم اے کے ضلعی عہدِیداران کے ساتھ حسبِ معمول مسلسل رابطہ کر تی رہیں گی اور عطائیوں کے خلاف بھر پور کارروائی کو جاری رکھا جائے گا۔