کراچی (سپورٹس ڈیسک) فواد عالم کی شاندار سنچری، اظہر علی اور فہیم اشرف کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 308 سکور کرکے 88 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے 33/4 کے مایوس کن سکور سے اننگز کا آغاز کیا۔ فواد عالم اور اظہر علی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت کھانے کے وقفے تک پاکستان نے مزید کسی نقصان کے بغیر 104 اسکور کرلیا تھا۔ بعد ازاں اظہر علی اور فواد عالم نے اپنی نصف سنچریاں بالترتیب 146 اور 137 گیندوں پر مکمل کیں۔ اظہر علی نے 4 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے ۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 94 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ فواد اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے سکور کو 176 تک پہنچا دیا۔ رضوان 6 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنانے کے بعد نگیڈی کا شکار بن گئے ۔ بعد ازاں فہیم اشرف آئے اور انہوں نے ناصرف جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کا اسکور 220 برابر کرنے کے بعد ساتویں وکٹ کی شراکت میں 102 رنز کا اضافہ بھی کیا۔ 83 ویں اوور میں جنوبی افریقہ کے کپتان نے نئی گیند لی تاہم فواد عالم نے چھکا لگا کر 220 گیندوں پر شاندار سنچری کی۔انہوں نے 353 منٹ کریز پر رہتے ہوئے 245 گیندوں پر دو چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے ۔ فہیم اشرف نے 9 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کئے ۔ پاکستان کے 300 رنز 103.3 اوورز میں مکمل ہوئے ۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے 8 وکٹوں پر 308 سکور کیا تھا۔ حسن علی 11 اور نعمان علی 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے ۔ کیگسکو ربادا، اینرچ نورٹجے ، لونگی نگیڈی اور کیشیو مہاراج نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔