اسلام آباد (آئی این پی، سٹاف رپورٹر )اسلام آباد میں گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کی جان لینے والے امریکی سفارت کار کرنل جوزف کانام بلیک لسٹ میں شامل لیا گیا ہے ۔ یہ بات وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں بتائی ہے ۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا خالد نے عدالت کو بتایا کہ امریکی سفارت خانے کے دفاعی اتاشی پاکستان نہیں چھوڑ سکتے ، کرنل جوزف کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہے اس لیے ان کی گرفتاری ہوسکتی ہے نہ ہی ٹرائل ۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ آفیشل ڈیوٹی کے دوران حادثے کی صورت میں ویانا کنونشن سفارتکاروں کو استثنیٰ دیتا ہے جبکہ سفارتکار کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا طویل عمل ہے ۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ اگر کوئی سفارتکار اپنا استثنیٰ واپس لے لیتا ہے تو پھر ٹرائل کیا جاسکتا ہے ۔عدالت نے قرار دیا کہ عتیق بیگ قتل کیس میں وزارت خارجہ عدالتی سوالنامے کے جوابات دے ۔