اسلا م آباد ،لاہور ،کراچی،پشاور،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں تابڑ توڑ وار کرتے ہوئے مزید149افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد16243ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.52فیصد رہی، کوروناکے 6127نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد756285ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد80559ہو گئی،4446مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل659483صحتیاب ہو چکے ۔ڈسٹرکٹ ہیڈ افسر (ڈی ایچ او) کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران مزید 47 بچوں میں کورونا کی تصدیق ہوگئی۔ اسلام آباد میں ابتک کورونا کے مشتبہ 9076 بچوں کے ٹیسٹ کئے گئے اور ابتک پیدائش سے 10سال تک کے 7329بچوں میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 3562نئے کیس سامنے آگئے اورمزید97مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد7430ہوگئی ۔ لاہورمیں 1748، ننکانہ 111، قصور 44، شیخوپورہ 56، راولپنڈی 125،چکوال 127، گوجرانوالہ 57،سیالکوٹ 57،ملتان 107، فیصل آباد 229، رحیم یار خان 46 ، سرگودھامیں 159، ساہیوال 93، پاکپتن 81 اوراوکاڑہ میں 123 کیسز سامنے آئے ۔ پاکپتن میں 17دنوں میں کورونا کیسز پر 25سرکاری و نجی سکول بند کر دیئے گئے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ کوروناسے صوبہ میں مزید2 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ532نئے کیسز میں سے 250کا تعلق کراچی سے ہے ۔ ادھرعوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان بھی کورونا میں مبتلاہوگئے ۔مردان میں16یونین کونسلوں کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگادیا گیا ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں30لاکھ30ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت میں خوفناک صورتحال ، مزید1575اموات اور271566نئے کیس رپورٹ۔ پرتگال کے وزیراعظم نے طویل لاک ڈائون کے بعد نرمی کا اعلان کیا ہے ، آج سے تمام سرکاری ادارے ایس او پیز کیساتھ کھول دیئے جائینگے جبکہ ٹورازم انڈسٹری کو بھی 17 مئی سے کھولنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ تمام ممالک سے فلائٹ آپریشن بحال کر دیا جائیگا۔ وزیراعظم نے برطانیہ، برازیل اور جنوبی افریقہ سے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ سے آنیوالوں کو کورونا ٹیسٹ لازمی دینا ہو گا جبکہ برازیل اور جنوبی افریقہ سے آنیوالے مسافر14 روزقرنطینہ میں رہینگے ۔ اسلام آباد،کوئٹہ(خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار، 92 نیوزرپورٹ)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک بھر میں نہم جماعت سے بارہویں جماعت تک سکول و کالج آج پیر سے سخت ایس او پیز کے تحت کھول دیئے جائینگے ،۔طلبہ کاپیاں کتابیں اکٹھی کریں، بیگ تیار کر لیں کیونکہ پھر سے کلاسز لینے سکول توجانا ہے جبکہ نرسری سے آٹھویں جماعت تک سکولوں کو عید تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا ہنگامی اجلاس ہوا ۔بعدازاں شفقت محمود کی جانب سے جاری ٹویٹ کے مطابق اجلاس میں تعلیمی اداروں میں کلاسز کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ این سی او سی حکام نے اجلاس کو بتایا کہ کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں اسلئے تجویز دی کہ ابھی تعلیمی ادارے نہ کھولیں تو بہتر ہو گا۔اس موقع پر تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے بورڈز کلاسز شروع کرنے کی سفارش کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلی سے آٹھویں تک سکولز عید تک بند رکھے جائینگے ۔ کورونا کی زیادہ شرح والے اضلاع میں یونیورسٹیاں آن لائن کلاسز کا سلسلہ جاری رکھیں گی جبکہ نہم سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے سخت کورونا ایس او پیز کیساتھ آج کھول دیئے جائینگے ، ایک دن چھوڑ کے ایک دن کلاسیں ہونگی،تاہم 9 ویں سے 12 ویں تک کلاسز کے امتحانات نئے شیڈول کے مطابق ہونگے ۔ امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے شروع نہیں ہونگے ۔ یونیورسٹیوں کے داخلہ امتحانات کے نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق ایڈجسٹ کئے جائینگے ۔ او لیول، اے لیول اور آئی جی سی ایس ای امتحانات شیڈول کے مطابق ہونگے ، ان امتحانات میں کسی قسم کی تاخیر ہوگی نہ یہ منسوخ ہونگے ۔ او اور اے لیول کے جو طلبہ اکتوبر ، نومبر میں امتحانات دینے کے خواہشمند ہوں تو وہ اسی فیس کیساتھ حصہ لے سکیں گے ۔ذرائع کے مطابق این سی اوسی نے فیصلہ کیا کہ 8فیصد یا اس سے زیادہ کورونا کیسز والے اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے بشمول جامعات ، مدارس اور ٹیوشن سنٹر بند رہیں گے ۔ ادھروزیر تعلیم بلوچستان کے مطابق آج سے عید الفطر تک سکولوں میں پہلی تا آٹھویں کی کلاسز نہیں ہونگی۔ وفاقی حکومت سے مشاورت کے بعد 9ویں سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے آج سے کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیاگیاہے ۔