اسلا م آباد ،لاہور ،کراچی،پشاور،مردان،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید118افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد15872ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.34فیصد رہی، کوروناکے 5395نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد739818ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد77294ہو گئی،4276مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل646652صحتیاب ہو چکے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ نیازی بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے ۔کورونا کی تیسری لہر میں مزید 2بچے جان کی بازی ہار گئے ۔کورونا کے باعث ملک میں ابتک ایک سے 10سال کے 44 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں 24 گھنٹوں میں نومود سے 10سال کے مزید 44 بچے کورونا میں مبتلا ہوئے ۔اسلام آبادمیں 10سال تک کے کورونا متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 7ہزار 52ہوچکی ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 2870نئے کیس سامنے آگئے اورمزید68مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد7209ہوگئی ۔لاہورمیں 1726، ننکانہ 5، قصور 17، شیخوپورہ 37، راولپنڈی 145، جہلم 5، چکوال 2، اٹک 14، مظفرگڑھ 8، حافظ آباد 11 ،گوجرانوالہ 29 ،سیالکوٹ 55، نارووال 11، گجرات 24، منڈی بہاوالدین 11، ملتان 65، خانیوال 12، راجن پور 1، لیہ 8، ڈیرہ غازیخان 13 ، وہاڑی 9،فیصل آباد 181، چنیوٹ 14، ٹوبہ ٹیک سنگھ 47، جھنگ42،رحیم یار خان 62 ،سرگودھا 91، میانوالی 11، خوشاب 20، بہاولنگر 13، بہاولپور 71،لودھراں 8، بھکر 18، ساہیوال 49، پاکپتن 1 اوراوکاڑہ میں 34 کیس سامنے آئے ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ کوروناسے صوبہ میں مزید8 مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ653نئے کیسز میں سے 383کا تعلق کراچی سے ہے ۔دریں اثناسندھ حکومت نے کورونا کے پیش نظر مزارات اور درگاہوں کی بندش میں 16 مئی تک مزید توسیع کر دی۔ خیبر پختونخوا میں کورونا سے ڈاکٹر محمد اقبال بھی شہید ہوگئے ،وہ بطور انچارج ٹائپ ڈی ہسپتال لونڈخوڑ مردان میں تعینات تھے اور 2ہفتے سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاورمیں وینٹی لیٹر پر تھے ۔کورونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی شرح کے باعث ضلع مردان کے کئی شہری علاقوں میں 14دن کیلئے سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیاگیا۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں29لاکھ95ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت میں مزید 1183اموات اور216850نئے کیس رپورٹ، کوروناکی بگڑتی صورتحال کے باعث مالیاتی مرکز ممبئی میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا جبکہ نئی دہلی میں ویک اینڈ کرفیو کے نفاذ کا اعلان کردیا گیا ۔وزیراعلیٰ نئی دہلی کیجریوال نے کہا کہ نئی دہلی میں ویک اینڈ کرفیو کے وران شاپنگ مالز، جم، سپاز، آڈیٹوریم بند رہیں گے جبکہ ضروری خدمات جاری رہیں گی، ریسٹورنٹس کو صرف ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی۔ادھر بیلجیئم اور سوئٹزرلینڈ میں 19 اپریل سے کورونا پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔