لاہور(احتشام الحق) کورونا کا خوف یا دبؤ، پی ایس ایل کے لاہورکے میچ بھی کراچی میں کرانے کی تجویز پرغور، لاہور قلندرز انتظامیہ کی جانب سے مخالفت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اور لاہور قلندرز انتظامیہ کے درمیان ڈیڈ لاک پیدا ہو گیا، پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ تا حال ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق ہے تاہم کسی ایمرجنسی کی صورت میں مختلف تجاویز زیر غور آئیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سکس کے کراچی میں جاری میچوں کے دوران کوونا کے کیس مثبت آنے کے بعد ایونٹ کا دوسرا مرحلہ لاہور میں کھیلے جانے بارے شبیات ہیدا ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ ایونٹ کے تمام میچ کراچی میں ہی کرانے کی تجویز زیر غور ہے اور اس سلسلہ میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے ۔ ایونٹ کا پہلا مرحلہ سات مارچ تک کراچی میں شیڈول ہے جس کے بعد تمام ٹیمیں لاہور آجائیں گی اور قذافی سٹیڈیم میں پہلا میچ دس مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اگرچہ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس بارے کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور ایونٹ شیڈول کے مطابق دس مارچ سے لاہور میں کھیلا جائے گا تاہم انہوں نے اس امکان رد بھی نہیں کیا اور کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کے پیش نظر مختلف آپشنز پر غور جاری رہتا ہے ۔ دوسری جانب ذرائع کا دعوی ہے کہ پی سی بی کی جانب سے اس بارے تمام سٹیک ہولڈرز سے رائے مانگی گئی ہے جس کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیاجائے گا۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ لاہور قلندرز نے لاہور والے میچز کراچی میں کروانے کی تجویز کی مخالفت کر دی ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ پی ایس ایل کے لاہور لیگ کے میچز قذافی اسٹیڈیم میں ہی ہونے چاہیے ۔ لاہور قلندرز کے کورونا وائرس کی کیسز لاہور کی نسبت کراچی میں زیادہ ہیں ۔