لاہور ( سپورٹس ڈیسک) اس سال کورونا وائرس کے باعث انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ انگلش بورڈ کی تما م تر توجہ اب انٹر نیشنل سیزن اور وائٹ بال کرکٹ پر ہے ۔ان حالات میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ مشکلات سے دوچار ہوگیا ہے ۔ لندن میں ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ اور کئی بڑے کھیلوں کے مقابلے پہلے ہی ختم ہوچکے ہیں۔1890ء کے بعد جنگ کے دنوں کے علاوہ پہلی مرتبہ کائونٹی چیمپئن شپ منسوخ کی جائیگی ۔ مکمل کرکٹ سیزن نہ ہونے سے انگلش اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو رواں سیزن 300ملین پائونڈز نقصان کا خدشہ ہے ۔ برطانوی میڈیا کے مطابق2020ء میں کائونٹی چیمپئن شپ کا انعقاد نہیں ہو گا ۔ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کی منسوخی کیلئے انگلش بورڈ کے سرکردہ آفیشلز اور بیشتر ٹیموں نے منسوخی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ جلد اعلان کر دیگا ۔ پاکستان کے بابر اعظم اور محمد عباس کو کائونٹی چیمپئن شپ میں حصہ لینا ہے ۔ پاکستان آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ میں سیریز کھیلنا ہیں۔ رپورٹ کے مطابق موجودہ حالات میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ بھی شدید ترین مشکلات سے دوچار ہے اور خدشہ ہے کہ تین ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچ بھی نہیں ہوسکیں گے تاہم پی سی بی پر امید ہے کہ سیزن میں پاکستانی ٹیم پروگرام کے تحت دورہ کریگی۔ ادھر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سربراہ ٹام ہیریسن نے کہا ہے کہ کوروناکے سبب مالی مشکلات سے بچنے کیلئے اگلے تین ماہ تک اپنی تنخواہ سے 25 فیصد رضاکارانہ کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے ۔