لاہور(خصوصی نمائندہ) عسکری ماہرین نے کہا ہے کہ کشمیر آزاد ہو کر رہے گا ،بھارتی قابض فورسز انکی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتی،ہمیں کشمیری بھائیوں کی ہر ممکن سپورٹ کے لئے ہر فورم پر مودی سرکار کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے ، ان خیالات کا اظہار ایئر مارشل(ر)شاہد لطیف اور لیفٹیننٹ جنرل (ر)غلام مصطفی نے لاہور پریس کلب میں منعقد ایک تقریب میں کیا،شاہد لطیف نے کہا افغان جنگ میں جب تک امریکہ کے ساتھ تھے امریکہ ایف سولہ طیارہ اور تکنیکی معاونت فراہم کرتا رہا، ایسے پہلے طیارے کا پائلٹ میں تھا، امریکی مقصد پورا ہوا تو اس نے ہماری مدد بند کردی، ہم نے اپنے جہاز بنانا شروع کئے ، مجھے جے ایف 17 تھنڈر پراجیکٹ کا سربراہ بنا دیا گیا، اس طیارے میں سافٹ وئیر پاکستانی تھا، کام چینی کمپنی سے کرایا گیا، 2001 میں پراجیکٹ شروع، 2003 میں اس طیارے نے پہلی اڑان بھری، فروری میں بھارتی طیارے گرائے تو جے ایف 17 تھنڈر دنیا میں مشہور ہوا، پاک فضائیہ میں ایسے 100 سے زائد طیارے شامل ہوچکے ہیں، ففتھ جنریشن طیارے کیلئے سیٹ اپ مکمل ہو چکا ہے ، اس وقت صرف امریکہ روس اور چین نے ففتھ جنریشن جہاز بنایا ہے ،انہوں نے کہا کشمیر کی جدو جہد آزادی کی کامیابی یقینی ہے ،لیفٹیننٹ جنرل (ر)غلام مصطفی نے کہا ہے ہمیں کشمیری بھائیوں کی ہر ممکن سپورٹ کے لئے ہر فورم پر مودی سرکار کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے ، جے ایف 17تھنڈر بلند ہوتا ہے تو دشمن کے خلاف قوم کا جذبہ بھی بڑھتا ہے ، پاکستان یہ کارنامہ کر سکتا ہے تو بھارت کیخلاف کیوں نہیں ڈٹ سکتا۔