گوادر میں شدید بارشوں کے بعد ہونے والی تباہی کے بعد پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے اور مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپس‘ راشن کی ترسیل و دیگر امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے گوادرکو حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد تشویشناک صورتحال کے باعث آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ گوادر کے بارے میں کئی ترقیاتی منصوبے شروع کرنے اور حکومتی حلقوں کی جانب سے عرصہ سے کی جانے والی سرمایہ کاری رہی ہے لیکن حیرت ہے کہ حالیہ بارشوں کے ایک سپیل نے ان سارے دعوئوں کی قلعی کھول دی ۔ آخر وہ کون سے ترقیاتی اقدامات تھے کہ ایک ہی بارش سے سارا کچھ بہہ گیا اور گوادر کو آفت زدہ قرار دینا پڑا ہے۔ اس میں شبہ نہیں کہ گوادر میں پاک فوج کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن سے متاثرہ علاقوں میں کافی حد تک حالات معمول کے مطابق آ رہے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تمام ترقیاتی منصوبوںکی بھی تحقیقات کی جانی چاہیے جن کے بارے میں دعوے کئے جا رہے تھے۔ علاقہ کے لوگ اس وقت شدید بارشوں کے بعد جس تباہی کا سامنا کر رہے ہیں اس کا تقاضا ہے کہ ان کی بھرپور امداد کی جائے اور تمام متعلقہ ادارے اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کریں۔ متاثرین کے لئے خوراک و ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بارشوں سے ہونے والے نقصان پر ان کی مالی امداد بھی کی جائے تاکہ وہ دوبارہ سے اپنے پائوں پر کھڑے ہونے کے قابل ہو سکیں۔