لاہور( اپنے رپورٹر سے ) لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے ہدایت کی ہے کہ لاہورریلوے سٹیشن کے باہر جاری سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور ایک موریہ پل کی تعمیر نو کاکام تیزی سے مکمل کیاجائے ۔ شہر کے انڈر پاسز کی بہتری وخوبصورتی کا کام کیا جائے گااوراس مقصد کے لئے ماہر آرکیٹیکٹس کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورانڈر پاسز اور سڑکوں کی حالت اور مرمت و بحالی کی ضروریات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے مظہر حسین خان نے مختلف انڈر پاسز اور سڑکوں پر کام شروع کرنے کے بارے میں بریفنگ دی‘پراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین اور دیگر متعلقہ افسران ہمراہ تھے ۔ڈائریکٹر جنرل نے کینال روڈ پر واقع ایف سی کالج‘ جیل روڈ ‘ مال روڈ اور دھرم پورہ انڈرپاسز کا معائنہ کیا۔انہوں نے علامہ اقبال روڈ اورایک موریہ پل سے سرکلر روڈ اردو بازار‘بھاٹی چوک‘داتا دربار‘ آزادی فلائی اوور‘ سبزی منڈی لاہور کی سڑکوں اور داتا نگرفلائی اوور کا بھی معائنہ کیا ۔بعدازاں ڈائریکٹر جنرل نے شاہراہ قائد اعظم‘شاہراہ ایوان تجارت ‘ جیل روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ پر بھی ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل نے گرومانگٹ روڈ گلبرگ پر زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکس کے تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر مرزا انعام نے بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ شہر کی اہم سڑکوں کی مرمت و بحالی کے لیے 58 کروڑ روپے کی سکیموں کی انتظامی منظوری دی جا چکی ہے ۔