مکرمی! پاکستان جو ہمارا پیار ا ملک ہے جس میں ہم اپنی زندگیاںگزربسر کررہے ہیں۔اس ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا لیکن کیا ہم نے کبھی سوچا کہ ہم نے اس ملک کو کیا دیا۔آج وقت آگیا ہے کہ اس پیارے ملک کو آگے لیجانے کے لئے جو کچھ بھی ہوسکتا ہے وہ کریں۔یہ ملک جو اس وقت پانی کی شدید قلت کا شکار ہے اس کی بڑی وجہ پانی کا ضیاع ہے ۔ملک کے ایک فرد کی حیثیت سے پانی کو بچانا اس وقت ایک ضرورت بن گئی ہے جس کے بارے میں سوچنا ہرایک کا فرض ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ایک نہیں دو ڈیمز کی تعمیر کے لئے اہم اعلان کرکے پاکستان کی عوام پر ایک احسانِ عظیم کیا ہے۔ اب ہم عوام کی ذمہ داری ہے کہ اس منصوبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ہر سال ضائع ہونے والے پانی کو ڈیمز بنا کر محفوظ کیا جاسکے۔ ڈیمز سے ایک تو پانی محفوظ بنایا جاسکے گا بلکہ عوام کو سستی پن بجلی بناکر اس سے مستفید کیا جاسکے گا۔ دشمن ملک جو اس ملک کے حصے کا پانی بند کرکے پانی کا بحران لانا چاہتا ہے ان ڈیمز کی تعمیر سے اس کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوسکے گا۔ اب وقت آچکا ہے کہ ہر فرد اس ملک کے لئے اپنا خصوصی کردار اداکرے اور ایسا کام کر جائیں کہ ہماری آئندہ آنے والی نسلیں اس مسئلے سے دوچار نہ ہوسکیں۔ (محمد عرفان علی چشتی‘لاہور)