لاہور(اشرف مجید)ہائیکورٹ کے احکامات کے باوجودسٹی سرکل میں غیر قانونی ویگن سٹینڈز اور بغیرروٹ پرمٹ چلنے والی گاڑیوں کی بھر مار،سیکٹر انچارجوں اور پٹرولنگ افسران نے چیف ٹریفک آفیسر ملک لیاقت کے احکامات بھی ہوا میں اڑا دئیے ،سٹی ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ٹریول کمپنیوں کے ساتھ ساز باز کرکے تمام غیر قانونی سٹینڈز پر کھڑی ہونے والی ویگنوں کو ٹریول اڈوں پر بھیجنا شروع کردیا جس پر سٹی ٹریفک پولیس کی ہدایت پر اڈہ فیس میں 200 روپے اضافہ کر دیا گیا ، تمام کرایوں میں بھی از خود اضافہ کر دیا گیا ،چند اہلکاروں نے شاہدرہ میٹرو سٹیشن کے ساتھ غیر قانونی سٹینڈ قائم کرا دیا ، تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ کی جانب سے سٹی سرکل میں غیر قانونی سٹینڈز اور تجاوزات ختم کرنے کے ساتھ بغیر روٹ پرمٹ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے جس پر چیف ٹریفک آفیسر ملک لیاقت نے سٹی ڈویژن کے افسران کو روزانہ کی بنیاد کارروائی کرنے کے ساتھ رپورٹ سی ٹی او آفس بھجوانے کی ہدایت کی ، ذرائع کے مطابق موجودہ صورت حال پر سٹی ٹریفک پولیس سیکٹر انچارجوں اور پٹرولنگ افسران نے اپنے مفادات کے لئے نئی حکمت عملی تیار کر لی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہدرہ چوک میں موجود غیر قانونی سٹینڈز کو ختم کرکے ایک طرف سی ٹی او کو سب اچھے کی رپورٹ دے گئی ہے تو دوسری جانب سیکٹر انچارجوں کی جانب سے شاہدرہ چوک میں موجود میاں ٹریول کے ساتھ ساز باز کر کے پالیسی بنائی گئی ہے کہ تمام ویگنوں کو میاں ٹریول پر بھجوایا جائے گا جسکا ایک باقاعدہ حصہ سٹی ٹریفک پولیس کو جائے گا جسکے لئے باہمی رضامندی کے ساتھ میاں ٹریول سے شیخو پورہ ، فاروق آباد ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ،گجرات ، اور سیالکوٹ جانے والی ویگنوں سے اڈہ 500 روپے فی گاڑی سے بڑھا کر 700 روپے فی گاڑی کر دیا گیا ، ذرائع کے مطابق پٹرولنگ افسر آصف صدیق نے چند ویگنوں کو ٹھیکے پر لے رکھا ہے جنکو اب بھی میٹرو سٹیشن شاہدرہ کے ساتھ کھڑا کر کے غیر قانونی چلایا جا رہا ہے جبکہ اسکے ساتھ انسپکٹر قمر شاہ شامل ہے یہاں پر دیگر ویگنوں کے خلاف مقدمات درج کئے جا رہے ہیں اور بتایا جا رہا ہے کہ کام کیا جا رہا ہے جبکہ حقائق اسکے بر عکس ہیں ، اسی طرح بتی چوک والی ویگنوں کو احمد ٹریول بند روڈ سے چلنے پر زور دیا جارہا ہے کیونکہ راوی روڈ سیکٹر اور شیرا کوٹ سیکٹر انچارج نے انکے ساتھ ساز باز کر لیا ہے ،بتایا گیا ہے کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اورایل ٹی سی کے اہلکار بھی بغیر روٹ پرمٹ اور زائد کرایہ وصول کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرنے میں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔