لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزرا اور اراکین پنجاب اسمبلی نے علیٰحدہ علیٰحدہ ملاقاتیں کیں اور ان پربھرپوراعتماد کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں کو ان کے حلقوں کے مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور مخالفین بے بنیاد الزامات کی سیاست،ملک کو استحکام کی ضرورت ہے ، انتشار کی نہیں،موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں، وزیراعظم عمران خان نے قوم کوعزت سے جینا سکھایا ہے اور پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے ۔ کل کا جلسہ اپوزیشن کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا بل تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز اقدام ہے ، انشاء اللہ پی ٹی آئی کی حکومت جنوبی پنجاب صوبہ بنائے گی۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں محمد آصف نکئی، محمد اختر ملک،رائے تیمور بھٹی، تیمور لالی، وارث عزیز،ملک واصف مظہر راں، سلیم اختر اور دیگر شامل تھے ۔ منتخب نمائندوں نے جنوبی پنجاب صوبے کے بل پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔دریں اثنا عثمان بزدارنے لاہور رائے ونڈ روڈ پر بچوں سے بدفعلی اور ویڈیوز بنانے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ۔وزیراعلیٰ نے واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دیا ہے او رکہاکہ مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے سابق صدر پریس کلب ملتان و سینئر صحافی غضنفر شاہی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔