لاہور،اسلام آباد ( وقائع نگار ،خبر نگار خصوصی ، 92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے 10 سے 12 ارکان اپوزیشن کی سیف کسٹڈی میں ہیں، اسلام آبادمیں لوگ اکٹھے کرنے سے تصادم کاخطرہ ہے ،ٹکرائومیں حکومت کوبہت زیادہ تقصان ہوگا، بی اے پی ،ایم کیوایم کاجھکاؤفی الحال اپوزیشن کی طرف ہے ، کل والے بیان پرقائم ہوں ، ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا جس سے پی ٹی آئی کو نقصان ہو، آصف زرداری کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، ابھی وقت ہے ، عمران خان سنبھل جائیں ۔ پرویزالٰہی نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور فوج کے درمیان تعلقات خراب ہوچکے ہیں اور انہیں ٹھیک کرنے کی کوشش نہیں کی گئی، ان کے تعلقات کی خرابی کی وجوہات نواز شریف سے ملتی جلتی ہیں، حکومت کے اپنے 15،16ایم این ایزٹوٹ گئے ،وزیراعظم پہلے اپنا ہاؤس ان آرڈر کریں،وزیراعظم کو جلسوں کے بجائے اپنے لاپتہ اراکین اسمبلی کو تلاش کرنا چاہئے ، ابھی بھی کوشش کرلیں، کسٹڈی 10،12کی ہوگی،باقی سب باہر گھوم رہے ہیں جو ارکان غائب ہیں وہ ووٹنگ والے دن سامنے آئیں گے ، سارے اتحادیوں نے فیصلہ کرلیا کہ مشترکہ فیصلہ کرناہے ، ن لیگ کی خواہش تھی کہ سب کچھ وہ ہی لے جائیں گے مگر ہرخواہش پوری نہیں ہوسکتی،پنجاب میں صورتحال بہت زیادہ خراب ہے ۔علاوا زیں مسلم لیگ ق کی قیادت نے اسلام آباد سے واپس لاہور میں ڈیرے ڈال لئے ۔پرویز الٰہی اورجہانگیر ترین گروپ کے درمیان رابطہ ہوا ہے اور آئندہ دو روز تک دوبارہ ملاقات بھی متوقع ہے ۔ فیصل حیات جبوانہ کے مطابق مسلم لیگ (ق) کا ہمارے ساتھ رابطہ ہوا ہے ، سیاسی لوگ ہیں ملاقا توں کے لئے دروازے کھلے ہیں۔دریں اثنا ترجمان پرویز الٰہی زین علی بھٹی نے 92نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ق لیگ کا مشاورتی اجلاس چار روز سے جاری ہے ،ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔علاوا زیں وزیردفاع پرویزخٹک نے پہلے مسلم لیگ ق کوپانچ سیٹوں کے بدلے پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے سے انکارکابیان دیا،پھر مونس الہیٰ نے وضاحت مانگی تو پرویزخٹک نے تردیدکرتے ہوئے کہامیں نے ایساکوئی بیان نہیں دیا،ق لیگ حکومت کی اتحادی ہے اوررہیگی۔ مونس الہی ٰنے بھی ٹویٹ میں ضاحت کرنے پرویزخٹک کاشکریہ اداکیا۔دوسری جانب مسلم لیگ (ق)کے کارکنوں نے شہر کی اہم سڑکوں پر چودھری پرویز الٰہی کے لیے وزیراعلیٰ کی فلیکسز لگا دیں۔مسلم لیگ (ق) کے سپورٹرز نے اہم شاہراہوں پر چو دھری پرویزالٰہی کے حق میں پینا فلیکس لگائے ۔