وزیر اعظم کے دو دن پہلے مافیاز کے خلاف اعلان جنگ کے فوری بعد لاہور میںمرغی مافیا مرغی کا ریٹ 550سے بڑھا کر 700روپے سے اوپر لے جانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ پولٹری ٹریڈرز نے مطالبات تسلیم کئے جانے پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ پنجاب حکومت نے برائلر کی قیمتوں کے میکنزم کا فارمولا بحال کر دیا ہے جس کے تحت اب پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن ‘پنجاب پولٹری ایسوسی ایشن ‘برائلر فارمز ایسوسی ایشن قیمت کا تعین کریں گی۔ کیا خوب کہ اب مرغی والے ہی مرغی کا ریٹ طے کریں گے۔ یہ کیسامیکنزم ہے جو صرف مرغی مافیا کے مفادات پر مبنی ہے؟ حکومتی رٹ کہاں ہے؟۔ ڈی جی لائیو سٹاک نے اگر ایک ہی دن میں مرغی مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں تو صارفین کی ان کے سامنے کیا حیثیت ہے۔ یہ کیسے’’ کامیاب‘‘ مذاکرات ہیں جس میں عوام کا کباڑا کر دیا گیا۔مہنگائی نے غریب عوام کا کچومر نکال رکھا ہے۔ لے دے کے ایک برائلر مرغی ہی تھی جو کلو‘آدھ کلو خریدنا ان کے بس میں تھا ، اس کی سکت بھی ان سے چھین کر نرخ 700سے اوپر پہنچا دیے گئے ہیں۔ مرغی مافیا پہلے ہی بازار پر قابض تھا‘آج اپنی منوا لی ہے۔ عوام کو مافیاز کے مفادات کے سپرد کر دیا گیا،عوامی مفاد کا یہ کونسا پہلو ہے؟۔ اگر آج ایک مافیا کی بات تسلیم کر لی گئی توکل دوسرے مافیاز بھی اپنی بات منوا لیں گے۔حکومت غریب عوام کے مطالبات پر بھی غور فرمائے۔