کمالیہ،ٹوبہ،پیر محل (مانیٹرنگ ڈیسک،ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار ) وزیراعظم عمران خان نے الزام عائدکیاہے کہ الیکشن کمیشن نوازشریف کے کنٹرول میں ہے ،نوازشریف عدلیہ کوتقسیم اورججزکوساتھ ملارہاہے ، کرپٹ شخص کبھی آزادعدلیہ کونہیں چلنے دے گا،نوازشریف ہمیشہ فوج کوکنٹرول کرناچاہتاہے ،کسی آرمی چیف سے اسکی نہیں بنی،یہ اقتدار میں آکر اپنے کرپشن کیسز ختم اور لندن میں بیٹھے بھگوڑے کو واپس لائیں گے جو عدلیہ اور فوج پر حملہ آور ہوگا ،حکومت تو معمولی چیز ہے ، جان بھی چلی جائے تو تین چوہوں کو نہیں چھوڑوں گا ،میں وزیراعظم رہا تو یہ سب جیل میں ہونگے ،تھری سٹوجز کا شکر گزار انکی شکلیں دیکھ کر ناراض ارکان واپس آگئے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کمالیہ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں پر کڑی تنقید کی اور القابات دیئے ، انہوں نے کہا سب پہلے بڑی بیماری آصف زرداری اور ڈیزل کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سب سے زیادہ شکریہ بوٹ پولش کرنیوالے شہباز شریف کا ادا کرتا ہوں، انہوں نے نواز شریف کو بڑا ڈرامہ قرار دیا ،انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو پتہ ہے اگر عمران خان تھوڑی دیر اور رک گیا تو اس کو جیل جانا ہے ، سیاست اسلام کے نام پر اور ضمیر ڈیزل کے پرمٹ پر بیچتے ہیں ، نیوٹرل کا فیصلہ اللہ نے انسان کو نہیں دیا، آپ نیوٹرل نہیں ہوسکتے ،اچھائی یابرائی کیساتھ ہوتے ہیں، ملک کی سب سے بڑی بیماری زرداری ہے ،شہباز شریف کیسز سے چھپتا پھر رہا ہے ، اس کو پتہ ہے اس کا ٹائم آنے والا ہے ، نوازشریف نے سب سے پہلے لفافہ سیاست شروع کی، عدلیہ پرڈنڈوں سے حملہ کیااورسجادشاہ کوبھگایا،یہ خودآرمی چیف بناتاہے اورپھر اس سے ہی لڑتاہے ،آرمی چیف کواس کی چوری کاسب سے پہلے پتہ چلتاہے ،آرمی چیف سے اختلاف کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ یہ کنٹرول چاہتاہے ،گزشتہ دورمیں یہ شخص مودی سے چھپ چھپ کرایسے ملتاتھاجیسے رومانس چل رہاہو ، نواز جب جمخانہ میں جب کرکٹ کھیلتاتھاتوا پنے امپائرکھڑے کرتاتھا،یہ کرکٹ کھیلتے بھی روندی مارتاتھا، ایل ڈی اے کے پلاٹ دے کرججزکوخریدا،ارکان اسمبلی کی قیمت لگائی ،شریف فیملی کی پنکچرکی دکان تھی،ایسے لگتاہے یہ گوالمنڈی میں نہیں کوئین الزبتھ کے گھر پیداہوائے ،میں کبھی نہیں کہا امریکہ اوریورپ سے اپنے تعلقات خراب کریں،آج ساری قوم کواسلام آبادمیں دیکھناچاہتاہوں ۔ اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ،سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار ،92نیوز رپورٹ ) حکومت آج اسلام آباد میں جلسہ کریگی جس کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ، ریڈ زون سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ، سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ،اسلام آباد ،راولپنڈی کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹروں،عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں،جلسہ میں شرکت کیلئے پی ٹی آئی کے قافلے اسلام آباد پہنچ گئے ۔تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے مطابق پمز ، پولی کلینک اور سی ڈی اے ہسپتال میں 3 اپریل تک ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے ، جڑواں شہروں میں میٹروبس ڈپواورمیٹروس غیرمعینہ مدت کیلئے بندکردی گئی جبکہ لوکل ٹرانسپورٹ بھی آج جزوی طور پر بند رہے گی، ہفتے کی رات تک پنڈال میں پانچ ہزار کے قریب کرسیاں لگائی گئی تھیں، جلسہ کے انعقاد سے قبل مزید کرسیاں لگا ئی جائیں گی، وفاقی ،پنجاب پولیس ، رینجرز ، ایف سی کے مجموعی طور پر 15 ہزار اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی قیادت میں کراچی سے نکلے والا سینکڑوں گاڑیوں کا قافلہ اسلام آباد پہنچا جس کا شاندار استقبال کیا گیا ، وزیرِ اعلی گلگت بلتستان کی قیادت میں کارکن ریلی کی صورت میں اسلام آباد پہنچ گئے ۔ لاہور ،فیصل آباد سمیت دیگر شہروں سے نکلنے والے قافلوں کا بھی راستوں میں جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا ۔